سابق صدر آصف علی زرداری کو طبیعت بگڑنے پر کراچی کے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں عبوری درخواست ضمانت میں آصف زرداری کی جانب سے منگل کو ہونے والی سماعت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکردی گئی۔
ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ 11 اکتوبرکو سابق صدرآصف علی زرداری کراچی کے ہسپتال سے ڈسچارج ہوئے،طبیعت بگڑنے پر 22 نومبرکو دوبارہ ہسپتال داخل کروایا گیا۔آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر منگل کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔
درخواست کے ساتھ آصف علی زرداری کے میڈیکل رپورٹس بھی منسلک کی گئی ہیں۔8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں آصف زرداری کی عبوری ضمانت پر سماعت کل ہو گی۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی کیس کی سماعت کریں گے۔