وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وبا میں دینی مدارس بند نہیں کریں گے۔
مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے جامعہ زبیریہ پشاورکا دورہ کیا اور مدرسے کے طالب علموں سے ملاقات کی۔ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے اتحاد تنظیمات مدارس کے دیگر مرکزی قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ زبیریہ پر حملہ تمام مدارس پر حملہ ہے اوریہ ایک ملی سانحہ ہے، وزیراعظم عمران خان کو خود یہاں آنا چاہیے تھا، حکومتی رویے کی بھر پورمذمت کرتے ہیں۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ہم اسلام کے پہرے دار ہیں اور حکومت کو چاہیے کہ مدارس کو مضبوط کرے، دینی مدارس کے کردارکو محفوظ رکھنے کیلیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،اس سانحے کے پس پردہ کرداروں کو گرفتارکیا جائے، بیرونی سازش کہنے کا حکومتی بیان ناکافی ہے اوراقدامات کی ضرورت ہے۔
قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ کورونا ایس او پیز کے تحت مدارس بند نہیں ہونگے کیونکہ تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے میں وفاق المدارس سے مشاورت نہیں کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس بارے میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نااہل ہے۔
واضح رہے کہ منگل 27اکتوبرکی صبح آٹھ بجے کے قریب جامعہ زبیریہ میں مولانا رحیم اللہ حقانی مشکوٰۃ شریف کا درس دے رہے تھے کہ اس دوران وہاں بم دھماکہ ہوگیا جس میں 9 طلبہ جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے تھے۔