گلگت بلتستان کےانتخابات میں مبینہ دھاندلی کی شکایت اور نتائج کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مختلف مقامات پراحتجاج اوردھرنا آج بھی جاری ہے۔
بلتستان ڈویژن میں احتجاج کےباعث بین الاضلائی زمینی رابطہ منقطع ہے، گلگت میں گزشتہ روز پُر تشدد مظاہرے کےالزام میں 13 مشتبہ افرا دکو حراست میں لیاگیا ہے۔
واقعے کا مقدمہ درج کرکے پاکستان پیپلز پارٹی کا الیکشن آفس بھی سیل کردیا گیا ہے۔پیپلز پارٹی کی جانب سے بلتستان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں احتجاج اور دھرنے دیے جا رہے ہیں۔
ضلع گانچھے کے ہیڈ کوارٹر خپلو، جی بی اے 9 کے گول گاؤں اور اسکردو میں سابق وزیرِاعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ کی قیادت میں پیپلز سیکریٹریٹ کے سامنے دھرنا دیا جا رہا ہے۔
احتجاج اور دھرنوں کی وجہ سے گانچھے اور کھرمنگ کی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔دیامر میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا چلاس شاہراہ قراقرم کے مین بازارمیں احتجاج جاری ہے۔
غذر میں بھی ڈی سی چوک گاہکوچ کے مقام پر پیپلزپارٹی کا مظاہرہ جاری ہے، مظاہرین نے ٹائر جلا کر گلگت غذر روڈ کو بلاک کر رکھا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین کا کہنا ہے کہ جی بی اے 2 گلگت 2 کے انتخابی نتائج کے خلاف آج بھی احتجاج جاری رہے گا۔