کراچی: بھارتی قید سے رہائی پانے والے 19 پاکستانی ماہی گیر کراچی فشریز پہنچ گئے۔
بھارتی جیل سے رہائی پانے والے ماہی گیر 2016 سے بھارت میں قید تھے۔ بھارتی قید سے رہائی پانے والے ایک ماہی گیر کو کورونا کے باعث لاہور اسپتال میں قرطینہ کردیا گیا ہے۔
چیئرمین فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی کے مطابق بھارت کی جیلوں میں 95 پاکستانی ماہی گیر قید ہیں۔ پاکستان اب تک 500 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرچکا ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں پاکستان نے اپنی حدود میں داخل ہونے والی 10 بھارتی کشتیوں اور 56 ماہی گیروں کو حراست میں لے لیا تھا۔
یہ کارروائی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے غیرملکی کشتیوں کی سمندری حدود میں داخل ہونے کی اطلاع پر کی تھی۔
اطلاع ملنے پر پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے اپنے ایئرکرافٹ کو سرویلینس کے لیے بھیجا، جس کے بعد جہاز نے اپنی حدود میں موجود دس بھارتی کشتیوں اور 56 ماہی گیروں کو حراست میں لیا تھا۔
حراست میں لیے گئے تمام بھارتی ماہی گیروں کومزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔