پی ڈی ایم کے چار جلسوں نے سلیکٹڈ کے اعصاب خطا کر دیے، جیالے عمران خان کی طرح چھپ کر بیٹھنے والے نہیں،نیئربخاری
پی ڈی ایم کے چار جلسوں نے سلیکٹڈ کے اعصاب خطا کر دیے، جیالے عمران خان کی طرح چھپ کر بیٹھنے والے نہیں،نیئربخاری

ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ، کارکنان قاسم باغ کے تالے توڑ کر اسٹیڈیم میں داخل

ملتان میں پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکن جلسے سے قبل ہی تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے قلعہ قاسم تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادوں علی حیدر گیلانی اور موسیٰ گیلانی نے کی۔ اس مقع پر پولیس کی بھاری نفری کو بھی گھنٹا گھر چوک ملتان پر تعینات کیا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے کارکنان تمام رکاوٹیں اور پولیس حصار توڑ کر قلعہ کہنہ قاسم میں داخل ہو گئے جب کہ پی پی رہنما عبد القادر گیلانی بھی گھنٹہ گھر سے جلسہ گاہ پہنچے۔ اس موقع پر پولیس اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں جھگڑا اور تلخ کلامی بھی ہوئی۔
میڈیا سیل پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موسیٰ گیلانی کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے جلسہ گاہ کا انتظام سنبھال لیا ہے، جیالے ریلی کی شکل میں قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے ہیں اور اسٹیڈیم یں استقبالیہ کیمپ بھی لگا دیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے کارکنان بھی مقامی رہنماؤں کی قیادت میں قاسم باغ کے دروازے توڑ کر اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے۔
موسیٰ گیلانی کا کہنا تھا کہ ہر صورت جلسہ قلعہ کہنہ باغ اسٹیڈیم میں کریں گے، آج پولیس اور انتطامیہ کی تمام رکاوٹیں توڑ دی ہیں، دروازے توڑ کر ہم نے اسٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نیئر بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم کے چار جلسوں نے سلیکٹڈ کے اعصاب خطا کر دیے ہیں، جیالے عمران خان کی طرح چھپ کر بیٹھنے والے نہیں ہیں۔
نیئر بخاری نے کہا کہ نالائق اور نااہل لاڈلے نے عوام کو مہنگائی اور معاشی بدحالی کا شکار کر دیا ہے، سلیکٹڈ کا مزید اقتدار میں رہنا ملک کی تباہی کو دعوت دینا ہے۔