ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کاجلسہ روکنے کے لیے پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ۔ یادرہے کہ ملتان میں اپوزیشن جماعتیں کل جلسہ کرنے جارہی ہیں جس کی حکومت نے اجازت نہیں دی اوراپوزیشن جماعتیں جلسہ کرنے پر بضد ہیں، گزشتہ روزقلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخلے کی کوشش میں سابق وزیراعظم کے بیٹے علی قاسم گیلانی سمیت درجنوں کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا تھا ۔
ڈپٹی کمشنر ملتان کی جانب سے علی قاسم گیلانی کی گرفتاری کے سلسلے میں جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق علی قاسم گیلانی نے کورونا وائرس کی ایس او پیزکی خلاف ورزی کی اور زندگیوں کو خطرے میں ڈالا، علی قاسم گیلانی اسٹیڈیم میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کی اجازت نہیں ہے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان کا سرکاری مراسلے میں کہنا ہے کہ جلسہ کرنا کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی ہے، علی قاسم گیلانی لوگوں کو جلسے کے لیے اکسا رہے ہیں۔