مجھے گرفتار کیا بھی گیا تو کوئی مسئلہ نہیں،فائل فوٹو
مجھے گرفتار کیا بھی گیا تو کوئی مسئلہ نہیں،فائل فوٹو

ملتان میں جلسے کے لیے جنگ۔مریم نواز بھی روانہ

قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں آج پی ڈی ایم جلسے کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتیں اور حکومت آمنے سامنے ہیں جب کہ مریم نواز بھی ملتان کے لیے روانہ ہوگئیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے آج ملتان کے قاسم باغ اسٹیڈیم میں جلسے کا اعلان کررکھا ہے، بلاول بھٹو زرداری کے کورونا کا شکار ہونے کے باعث بے نظیر بھٹو کی سب سے چھوٹی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری بھی آج سے قومی سیاست میں انٹری دے رہی ہیں جب کہ حکومت نے کورونا کے پیش نظر جلسہ نہ ہونے دینے کا تہیہ کررکھا ہے۔

قاسم باغ اسٹیڈیم کے دروازوں پر تالے ہیں، اس لئے قاسم باغ میں جلسے کا کوئی انتظام نہیں ہوسکا، اسٹیڈیم سے پی ڈی ایم جماعتوں کے جھنڈے اور بینرز بھی اتار دیے گئے ہیں۔

قاسم باغ اسٹیڈیم اطراف کے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ شہر کے بیشتر مقامات پر کنٹینر لگا کر سڑکوں کو بند کردیا گیا ہے جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل  ہے۔

اپوزیشن کے کارکنوں کو روکنے کے لیے ملتان کے داخلہ اور خارجی راستوں پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، دیگر شہروں سے ملتان کے لئے بسیں بک کرنے پربھی پابندی لگادی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملتان اور گرد و نوح کے علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر سیاسی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس کی اضافی نفری، آنسو گیس شیل اور ربڑ کی گولیاں بھی منگوا لی گئی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ملتان میں گرفتاریاں لاہور جلسے کو روکنے کی وجہ سے ہو رہی ہیں لیکن جلسہ ہو گا اور کامیاب بھی ہو گا، مجھے گرفتار کیا بھی گیا تو کوئی مسئلہ نہیں، میں گرفتاریوں کے خوف سے دیواریں پھلانگنے والی نہیں، بغیر کسی گناہ کے لئے 2 بار جیل کاٹ چکی، تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں۔