پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازکا کہنا ہے کہ کسی گناہ کے بغیر2 بار جیل کاٹ چکی اب تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں۔
ملتان جلسے میں شرکت کے لیے روانگی کے موقع پر جاتی امرا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت نے غنڈہ گردی اور تشدد کا مظاہرہ کیا ہے، کارکنوں پر روا رکھا گیا ظلم انہیں ملتان لے جا رہا ہے ،میں اپنا ذاتی غم گھر چھوڑ کر قوم کے غم میں شریک ہونے جا رہی ہوں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ناکے اور گرفتاریاں حکمرانوں کے خوف کا عکاس ہے، یہ جلسہ ہونے سے پہلے ہی کامیاب ہو چکا ہے ، پولیس اہلکار بھی اس حکومت سے تنگ آ چکے ہیں ، ملتان کے شہریوں سے اپیل ہے کہ اس حکومت کی نالائقی کے خلاف جدوجہد تو کرنا ہی پڑے گی، ملک پر مشکل آئی ہے تو بیٹیاں بھی گھروں سے باہر نکلی ہیں، ہم اس جدوجہد میں سب سے آگے ہیں تو ملتان والے بھی باہر نکلیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کہیں بھی کورونا ایس او پیز پرعمل نہیں ہو رہا ، حکومت اور جماعت اسلامی کے جلسے ہو رہے ہیں تو کورونا نہیں پھیل رہا، کیا سارے ایس او پیز اپوزیشن کے لئے ہیں، کوویڈ 19 تو چلا ہی جائے گا، کوویڈ 18 کو نکالنا ضروری ہے۔ امپائرکی انگلی پر آنے والے کو ایسی جمہوریت والی باتیں کرنا اچھا نہیں لگتا، اب اس حکومت کے آخری چند دن ہیں ، کسی کو کیا خود اس حکومت کو اپنے جانے کا شک نہیں۔ اس حکومت کو اپنا گھر جانا نظر آ رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ملتان میں گرفتاریاں لاہور جلسے کو روکنے کی وجہ سے ہو رہی ہیں لیکن جلسہ ہو گا اور کامیاب بھی ہو گا، مجھے گرفتار کیا بھی گیا تو کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں گرفتاریوں کے خوف سے دیواریں پھلانگنے والی نہیں، بغیر کسی گناہ کے لیے 2 بار جیل کاٹ چکی، تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں۔