کارکنان کی بڑی تعداد کے سامنے پولیس بے بس ہو گئی۔فائل فوٹو
کارکنان کی بڑی تعداد کے سامنے پولیس بے بس ہو گئی۔فائل فوٹو

 ملتان کا سلطان کون ہوگا،فیصلہ آج ہو جائے گا

ملتان کا سلطان کون ہوگا آج فیصلہ ہو جائے گا،پی ڈی ایم کارکنان نے قاسم باغ کے راستے میں حائل تمام رکاوٹیں ہٹا دیں اوراسٹیڈیم میں داخل ہو گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی ڈی ایم کے کارکنان نے گھنٹہ گھر چوک میں رکاوٹیں ہٹانا شروع کردی ہیں، واٹر ورکس روڈ پرلگی رکاوٹیں ،ٹریکٹرٹرالی کو ہٹا دیا گیا،کارکنان کی ایک بڑی تعداد کے سامنے پولیس بے بس ہو گئی اورپیچھے ہٹ گئی ، پی ڈی ایم کے کارکن قاسم باغ میں داخل ہو گئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

واضح رہے کہ  پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری کراچی سے ملتان پہنچ گئیں۔ صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعیدغنی ، وزیر اطلاعات سندھ ناصرشاہ، ایم این اے شگفتہ جمانی بھی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے۔

آصفہ بھٹو زرداری چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ملتان پہنچیں۔ آصفہ بھٹو پیپلزپارٹی جلسے میں بلاول بھٹو کی نمائندگی کریں گی، وہ جلسے میں پی ڈی ایم قیادت کا استقبال کرینگی۔

دوسری جانب لیگی رہنما مریم نواز ملتان جلسے میں شرکت کے لیے لاہور سے روانہ ہوگئیں، ان کا قافلہ خانیوال انٹر چینج پہنچ گیا ہے اورملتان کی جانب رواں دواں ہے وہ تھوڑی دیر میں جلسہ گاہ پہنچ جائیں گی۔

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم کے اندر ہو یا سڑک پر ضرور ہوگا، حکومت کورونا نہیں اپوزیشن سے ڈر رہی ہے، ناکوں اور رکاوٹوں سے ان کا خوف عیاں ہے۔