اداکارہ سجل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرایوارڈ کے ساتھ تصویر شیئرکی۔فائل فوٹو
اداکارہ سجل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرایوارڈ کے ساتھ تصویر شیئرکی۔فائل فوٹو

عرب فیسٹیول ایوارڈپاکستانی اداکارہ سجل علی لے اڑیں

رواں سال کا چوتھا سالانہ ڈسٹنکٹو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ (ڈیفا) پاکستانی اداکارہ سجل علی نے اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

ڈسٹنکٹو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ (ڈیفا) ہرسال منعقد کیا جاتا ہے اور رواں سال فیسٹیول کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد متحدہ عرب امارات (یواے ای) کی ریاست دبئی کے دی پوائنٹ جمیرہ میں ہوا۔

سالانہ ڈیفا ایوارڈز بین الاقوامی اورعرب شخصیات کوان کی کامیابیوں اورمعاشرے کی بہتری کے لیے تعاون کرنے پرانہیں اعزازکے طورپردیا جاتا ہے۔

پاکستانی اداکارہ سجل علی کوان کی شانداراداکاری کی بنیاد پرڈیفا ایوارڈ سے نوازا گیا جو پاکستان کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے لیے باعث فخر ہے۔

اس حوالے سے اداکارہ سجل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرایوارڈ کے ساتھ تصویر شیئرکی اور کہا کہ یہ ایوارڈ نا صرف ایک فنکار کی حیثیت سے میرے لیے بہت خاص ہے بلکہ یہ میرے قابل فخر پاکستانی ہونے کی حیثیت سے بھی خاص ہے۔

سجل علی کی ایوارڈ وصول کرتے وقت کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایوارڈ وصول کرتے وقت اپنے مداحوں کا شکر بھی ادا کر رہی ہیں۔

عرب ایوارڈ حاصل کرنے پراداکارہ سجل علی کو ساتھی اداکاراوراداکاراؤں سمیت مداحوں کی جانب سے خوب داد دی جا رہی ہے۔