ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے کو روکنے کیلیے کنٹینرز، پکڑ دھکڑاور مقدمات سمیت سب کوششیں ناکام ہوگئیں اورتمام رکاوٹوں کے باوجود اپوزیشن اتحاد نے گھنٹہ گھر چوک پرمیدان سجا لیا۔
اپوزیشن اتحاد کے جلسے کی میزبان پیپلزپارٹی ہے اور یہ جلسہ پی پی کے 54 ویں یوم تاسیس پر منعقد کیا گیا۔
پی ڈی ایم کی جانب سے ملتان میں قلعہ کہنہ قاسم باغ میں جلسے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم حکومت نے اجازت دینے سے انکار کردیا تھا اور گزشتہ روز سے ہی شہر میں کنٹینرز، ٹرک اورٹرالیاں مختلف سڑکوں پرلگا کراسٹیڈیم جانے والے راستے روک دیے تھے۔
اس کے علاوہ ملتان سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں بھی اپوزیشن کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ متعدد رہنماؤں کے خلاف مقدمات بھی قائم کیے گئے۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا تاہم مقدمات اور رکاوٹوں کے باوجود اپوزیشن اتحاد نے قلعہ کہنہ باغ کے قریب گھنٹی گھر چوک میں میدان سجالیا ہے۔