پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کی بڑی تعداد جناح گیٹ کے سامنے سراپا احتجاج ہے جبکہ جبری برطرفیوں کیخلاف ریلوے ٹریک کو بھی بند کردیا جس کے باعث لاہورسے آنے والی کراچی ایکسپریس ٹرین دوپہر بارہ بجے سے بن قاسم اسٹیشن پرکھڑی ہے اورمسافر پریشان ہیں۔
ملازمین کے احتجاج کے باعث اندرون ملک سے آنے اور جانے والا ٹرینوں کا ٹریک بند ہے جس کے باعث4ٹرینیں معطل ہوئی ہیں جبکہ اسٹیل مل ملازمین کی بڑی تعداد ٹریک پر موجود ہے۔ملازمین نے ریلوے ٹریک پررکاوٹیں کھڑی کرآگ لگادی ہے۔
آل ایمپلائیزایکشن کمیٹی کے کنوینرو صدر پاسلو نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفورفیصلے کو واپس لیا جائے اورملازمین کو نوکریوں پر بحال کیا جائے۔
گزشتہ دنوں وفاقی حکومت کے زیرانتظام چلنے والی پاکستان اسٹیل ملز سے 4ہزار 544 ملازمین کو برطرف کردیا تھا جس کے بعد سے ملازمین کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان اسٹیل ملز کے مطابق جبری طور پر برطرف کیے گئے ملازمین میں گریڈ2، 3، 4 کے ملازمین کے علاوہ جونیئر آفیسرز (جے اوز) اسسٹنٹ منیجرز ، ڈویژنل منیجر، ڈی سی ای، ڈی جی ایم اور منیجرز بھی شامل ہیں۔
ملازمین کو اسٹیل مل کی جانب سے بذریعہ ڈاک برطرفی کے خطوط ارسال کیے گئے تھے۔