معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبرنے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارکی جائیداد کی تفصیلات قوم کے سامنے رکھ دیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق شہزاد اکبر نے ن لیگی رہنما اسحاق ڈارکی جائیداد کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس اسلام آباد اورلاہور میں جائیدادیں ہیں، لینڈ کروزر سمیت 8 گاڑیاں ہیں، دبئی میں بھی 2 فلیٹس ہیں۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے پاس 6 ایکڑ زمین، ڈیفنس لاہور میں گھر، الفلاح سوسائٹی میں 3 پلاٹس، لینڈ کروزر سمیت 8 گاڑیاں، دبئی کے پام جومیرہ میں فلیٹ، اوراکاؤنٹس میں اربوں روپے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ن لیگ کا ارسطو اسحاق ڈارغیر ملکی صحافی کو جواب نہیں دے سکے، اسحاق ڈار نے مضحکہ خیز باتیں کیں، اطلاع ہے اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کے لیے اپلائی کیا، ہم نے اسحاق ڈار کی واپسی کے لیے برطانیہ کو درخواست کی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ نواز شریف کو بھی ڈی پورٹ کرنے کے لیے برطانیہ کو خط لکھا ہے، ضرورت پڑی تو نواز شریف کی حوالگی کی درخواست کریں گے۔
اسحاق ڈار کے حوالے سے آج میڈیا سے گفتگو میں شہبازگل نے کہا کہ گزشتہ روز اسحاق ڈار کی زبان اور آنکھیں باہر تھیں جب کہ ٹانگیں کانپ رہی تھیں، جو میرٹ پرکلرک بھی نہیں بن سکتے وہ ملک کا وزیر خزانہ رہا، پہلے پاکستان میں ذلیل ہوئے اب لندن میں ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ معیشت تباہ کرنے والا انٹرویوز کے لیے صحت مند مگر قانون کے سامنے بیمار ہے، یہ لوٹ مارکے دفاع کے لیے وطن کا نام بدنام کرنے سے بھی باز نہیں آتے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کو مطلوب مفرور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بی بی سی کو انٹرویو دیا تھا، جس میں اسحاق ڈار نے اسٹیفن سیکر کے سیدھے سوالات کے بھی گول مول جوابات دیے۔