نیو کراچی کے علاقے دعا چوک کے قریب گھر میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ دیگر بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔
واقعہ کے اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں کیلیے جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ سلنڈردھماکے کے باعث عمارت کےایک حصہ کونقصان پہنچا ہے۔
سلنڈردھماکے کے بعدعمارت میں آگ لگ گئی جس پر قابو پانے کیلیے فائربریگیڈ کو طلب کیا گیا۔زخمی افراد کو نزدیکی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم امدادی سرگرمیاں ابھی جاری ہیں۔ زخمیوں میں ایک خاتون، ایک مرد اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔
متاثرہ افراد کے چہرے اور جسم کے دیگر حصوں پر زخم آئے ہیں اور تمام افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔ریسکیو حکام نے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ دھماکہ گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا تاہم مزید تفصیل امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد معلوم ہو سکے گی۔
عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اورمتاثرہ مکان کی بالائی منزل گر چکی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے کا کام کر رہی ہیں۔
متاثرہ مکان کے ساتھ والے گھر سے بھی 5 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ6 ماہ سے گیس نہیں آ رہی اور ہر گھر میں گیس سلنڈر موجود ہے۔