حافظ آباد کے علاقے وچھوکی میں مہندی کی تقریب میں بھائی نے دو بہنوں پرفائرنگ کر دی، فائرنگ سے دلہن جاں بحق جبکہ دوسری بہن شدید زخمی ہو گئی۔
حافظ آباد کے گاؤں وچھوکی میں شادی کے تنازع پر بھائی نے مہندی کی رسم کے دوران دو بہنوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دلہن ساجدہ بی بی جاں بحق ہو گئی جب کہ دوسری بہن شریفاں بی بی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ ساجدہ بی بی کا آج اپنے کزن سے نکاح تھا۔مقتولہ کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ ملزم محمد علی اپنی بہن کی شادی پر رضامند نہ تھا، ملزم اپنی بہنوں کی وراثتی جائیداد ہتھیانا چاہتا تھا اس لیے ان کی شادی نہیں کرنا چاہتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی چار بہنیں تھیں اور چاروں کی ابھی شادیاں نہیں ہوئی تھیں۔ملزم محمد علی واقعہ کے بعد فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔