مشیر خزانہ حفیظ شیخ نیب کراچی کے دو نوٹسزکے باوجود تحقیقات کے لیے پیش نہیں ہوئے، یکے بعد دیگرے جاری نوٹسزپرانھیں 28 اکتوبراوربعد ازاں یکم دسمبرکو پیش ہونے کا کہا گیا تھا۔
ذرائع نیب کے مطابق عبدالحفیظ شیخ پرایک کروڑ ڈالرسے زائد کی بدعنوانی کے الزام میں تحقیقات ہورہی ہیں، ان پر سابقہ ادوار میں قومی خزانے سے غیر قانونی ادائیگی کا الزام ہے۔
دوسری جانب فنانس ڈویژن نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب )کی جانب سے وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کو کسی قسم کو کوئی نوٹس تاحال موصول نہیں ہوا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیب کی جانب سے وزیراعظم کے مشیرعبدالحفیظ شیخ کو دوسرا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ نیب کمبائن انویسٹی گیشن ٹیم نے حفیظ شیخ کو یکم دسمبرکو طلب کیا تھا لیکن نیب کی جانب سے طلبی کے باوجود مشیر خزانہ پیش نہیں ہوئے، نیب کی جانب سے پہلا نوٹس 28 اکتوبرکو پیش ہونے کے لیے جاری کیا گیا تھا۔نیب کے مطابق کیئر پروجیکٹ کے تحت سسٹم نہیں لگا جس کے باوجود کمپنی ’’اگیلیٹی‘‘ کو ادائیگی کردی گئی۔
ادھر فنانس ڈویژن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مشیر خزانہ ڈاکٹرعبد الحفیظ شیخ کسی بھی معاملے میں قانون کے مطابق نیب سے مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔