حکومت پاکستان نے تعلیمی میدان میں طلباکی شکایات اوراقدامات کے بارے میں سیٹیزن پورٹل کی دوسالہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی اورشفافیت و انصاف کی جلد ازجلد فراہمی کے لیے اس میں ہونیوالی مزید تبدیلیاں اور شہریوں کیلیے متعارف کروائی گئی مزید سہولیات سے بھی پردہ اٹھادیا ۔
اکتوبر2018ءمیں وزیراعظم عمران خان نے کسی بھی سرکاری ادارے کیخلاف شکایت کیلیے سٹیزن پورٹل لانچ کیا تھا تاکہ شفافیت برقرار رہے اور شہریوں کیلیے شکایت کرنا آسان ہو، اب تک اس پورٹل پر تیس لاکھ سے زائد لوگ رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔
موصول شدہ 26 لاکھ درخواستوں میں سے 24 لاکھ کا ازالہ کیا گیا اور 591000 افراد نے کارروائی کے اطمینان بخش ہونے کی تصدیق کی۔ملک بھر میں آٹھ ہزارآٹھ سو سے زائد دفاتر کو پابند کیاگیا کہ وہاں سے بھی شہری اسی یا کسی بھی دوسرے ادارے کیخلاف شکایت رجسٹرکرواسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ایپ’ سٹیزن پورٹل‘ کے بغیر ہی ویب سائٹ”citizenportal.gov.pk“ پر بھی شکایت کرنے کی سہولت فراہم کردی گئی، یہ سہولت ان لوگوں کے لیے متعارف کروائی گئی جو انٹرنیٹ استعمال کرسکتے ہیں لیکن اینڈرائیڈ موبائل فون تک رسائی نہیں جبکہ ہیلپ لائن پر بھی چوبیس گھنٹے کال کی جاسکتی ہے ۔
وزیراعظم نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ متعلقہ محکمے غیر مطمئن شہریوں کی شکایات کو دوبارہ کھولیں اور ازسر نواس کا جائزہ لیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ہیلپ لائن کی سہولت چھ علاقائی زبانوں میں موجود ہے جن میں اردو، پنجابی، پشتو، بلوچی، سندھی اورانگریزی شامل ہیں۔