مریم نواز کے مطابق سابق جج ارشد ملک ساتھ ہی یہ بھی بتاگئے کہ انہیں کس نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دینے کےلیے بلیک میل اور استعمال کیا تھا۔
مریم نواز کے مطابق سابق جج ارشد ملک ساتھ ہی یہ بھی بتاگئے کہ انہیں کس نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دینے کےلیے بلیک میل اور استعمال کیا تھا۔

جج ارشدملک انتقال سے قبل نواز شریف سےمعافی مانگ چکےتھے،مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے انکشاف کیا ہے کہ سابق جج ارشد ملک انتقال سے قبل  نواز شریف سے معافی مانگ چکے تھے ۔

مریم نواز نے نواز شریف کو سزا سنانے والی احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کے انتقال پر ردعمل کا اظہار کیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ  ارشد ملک وہاں چلے گئے ہیں جہاں ہم سب کوایک نہ ایک دن جانا ہے۔

ن لیگی نائب صدرمریم نواز نے کہا کہ اللّٰہ نے انہیں توفیق دی کہ وہ جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بوجھ ہلکا کرگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ارشد ملک ساتھ ہی یہ بھی بتاگئے کہ انہیں کس نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دینے کےلیے بلیک میل اور استعمال کیا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ اللّٰہ ارشد ملک صاحب کی بخشش فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ان لوگوں کے لیے سبق ہےجو ظالم بھی ہیں اور اقتدار اور طاقت کے نشے میں اندھے بھی ہیں۔

اس حوالے سے مریم نواز نے  استفسار کیا کہ ارشد ملک اپنے اعترافات اور انکشافات کے ڈیڑھ سال بعد فوت ہوئے اس دوران نواز شریف کو انصاف نہ ملنے کا ذمے دار کون ہے؟ مریم نواز نے مزید کہاکہ کیس میں نوازشریف کو اشتہاری دلانے کی جلدی تھی۔

اس کیس کی سزا سنانے والے جج کے اعتراف پر کوئی ایک دن بھی سماعت کیوں نہیں ہوئی؟ ن لیگی نائب صدر نے ایک اورپیغام میں سوال اٹھایا کہ 3 بار کے وزیراعظم کو مفرور قرار دے دیا گیا لیکن نواز شریف کے خلاف عدالتی سازش پر کوئی کمیشن کیوں نہیں بنا؟ انہوں نے استفسار کیا کہ بہت کچھ بتانے کے لئے تیار شخص ارشد ملک کی موت کا انتظار کیوں کیا گیا؟ سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے  یہ بھی کہاکہ میرا سادہ سوال یہ ہے کہ انصاف کے قتل کی ذمہ داری کس پر ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ اس سازش کا انکشاف اور اعتراف کرنے والا کردار اب اس دنیا میں نہیں، اب یہ مطالبہ زور پکڑے گا کہ آزاد اور بہادر ججوں پر مشتمل کمیشن اس کی تحقیقات کرے۔

تاکہ عوام حقائق جان سکیں اور وہ دن دور نہیں انشاءاللّٰہ یہ ہو کر رہے گا۔ احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک آج کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں ۔وہ گزشتہ 2ہفتوں سے اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ وہ سوگواران میں بیوی اور 4 بچے چھوڑ گئے ہیں، انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا تھا ۔