جمعیت علمائے اسلام ف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہماری تحریک اس وقت تک جاری رہے گی، جب تک موجودہ حکومت کا دھڑن تختہ نہیں ہو جاتا۔ ہم اب لاہور جائیں گے اور اب کوئی ہمیں نہیں روک سکتا۔
خیبر پختونخوا کے شہر لکی مروت میں جلسہ عام سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم ملتان میں پولیس تشدد اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم نے موجودہ حکومت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے، کوئی بھی ہمیں روک نہیں سکتا۔ پاکستان کی پوری تاریخ میں ایسا نا اہل حکمران نہیں آیا، جتنا اس وقت مسلط ہے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ اس وقت یتیم ہے، اسرائیل کو بالادستی دلائی جا رہی ہے۔ ہمارے نااہل حکمرانوں نے بھارت کو خطے میں بالادستی دلا دی ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے کشمیر پر بھارت کے قبضے کو قانونی شکل دے دی ہے، جب تک عالم اسلام پر موجودہ حکمرانوں کی طرح لوگ مسلط ہیں، ہم عالم کفر کیلئے آسان شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرکے بدمعاشوں کے ساتھ جیل میں بند کر رہے ہیں۔ ہماری تحریک اس وقت تک جاری رہے گی، جب تک موجودہ حکومت کا دھڑن تختہ نہیں ہو جاتا۔ ان لوگوں نے ملک کی معیشت مکمل تباہ کردی ہے۔ لاہور جلسے سے متعلق فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اب ہم لاہور جائیں گے اور کوئی ہمیں نہیں روک سکتا۔