خیبرٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث8 مریض انتقال کرگئے ،کورونا کے مریضوں کی اموات گزشتہ رات ہوئیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق خیبرٹیچنگ ہسپتال کی آئسولیشن وارڈ میں 80 سے زائد کورونا کے مریض زیرعلاج تھے،اچانک آکسیجن کی کمی کے باعث مریضوں کی حالت بگڑگئی ،مریضوں کے تیمارداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت آکسیجن کا انتظام کیا،تاہم ایک گھنٹے کے دوران 8 مریض انتقال کرگئے،کورونا کے مریض آکسیجن کی متواتر سپلائی نہ ملنے سے دم توڑگئے ،آکسیجن کی کمی کے سبب دیگروارڈز کے مریض بھی متاثر ہوئے ہیں ۔
ترجمان خیبر ٹیچنگ اسپتال نے بتایا کہ سردی میں مریضوں کو آکسیجن کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، تاہم آکسیجن ختم ہونے پر سنٹرل آکسیجن سے سپلائی تین گھنٹے تاخیر سے پہنچی، اسپتال کے مختلف وارڈز میں تشویش ناک حالت میں مریض شدید مشکلات کا شکار رہے اور بروقت آکسیجن نہ ملنے کے باعث 8 مریض دم توڑ گئے، کورونا وارڈ، آئی سی یو، میڈیکل وارڈ میں تشویشناک مریضوں کی اموات واقع ہوئی ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہناہے کہ پنڈی کی کمپنی ہسپتال کو آکسیجن فراہم کرتی ہے،راولپنڈی سے آکسیجن کے سلنڈر بروقت نہیں پہنچے، سردی کی سبب مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت زیادہ رہتی ہے۔
دوسری جانب وزیر صحت تیمور جھگڑا کا کہنا ہے کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال میں گزشتہ رات آکسیجن سپلائی کم ہونے کی وجہ سے واقعہ پیش آیا، بی او جی کو فوری انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے، اور فوری تحقیقات کرکے 48 گھنٹوں میں ایکشن لینے کا حکم دے دیا ہے۔