صوبائی حکومت نے خیبر ٹیچنگ اسپتال واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسپتال ڈائریکٹرسمیت 9 افراد کومعطل کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی حکومت نے خیبرٹیچنگ اسپتال واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹرسمیت 9 افراد کومعطل کردیا اوران کے خلاف مزید انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔
گزشتہ روزواقعہ کے فورا بعد وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایت پرصوبائی وزیرصحت تیمورخان جھگڑا نے اسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکو48 گھنٹے کے اندرآکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہونے والی اموات کی انکوائری کا حکم دیا تھا تاہم بورڈ نے 48 گھنٹے سے قبل ہی اپنی رپورٹ صوبائی حکومت کوجمع کرادی، جس میں کہا گیا ہے کہ اسپتال ڈائریکٹرڈاکٹرندیم طاہرسمیت نو متعلقہ افراد کومعطل کردیا گیا ہے۔
صوبائی وزیرمحنت شوکت یوسفزئی کا اس متعلق کہنا ہے کہ واقعے کا مزید جائزہ لینے کے لیے وزیراعلی محمود خان نے بھی آج اعلی سطح کا اجلاس طلب کرلیا، جس میں کرونا سے پیدا ہونے والی صورتحال اورایم ٹی آئیزاسپتالوں میں موجود سہولیات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ خبیرٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن سیلنڈربروقت نہ پہنچنے کے باعث کورونا کے 8 مریض دم توڑگئے تھے۔