سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی و پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی گاڑی پر لاہور میں کارکنوں نے پھولوں کے ساتھ ساتھ کرنسی نوٹ بھی نچھاور کیے ہیں۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کے سلسلے میں مریم نواز عوامی رابطہ مہم کے تحت لاہور میں ریلی کی قیادت کررہی ہیں اور جگہ جگہ پر ان کا فقید المثال استقبال کیا جارہا ہے۔
کارکنوں کی جانب سے مریم نواز کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جارہی ہیں جبکہ چند کارکنوں نے ان کی گاڑی پر نوٹ بھی لٹائے ہیں۔
مریم نے گاڑی کے اندر سے تصویر لے کر ٹوئٹ کی ہے جس میں پھولوں کے ساتھ ساتھ نوٹ بھی نظر آرہے ہیں۔
لیگی نائب صدر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ لاہوری صرف پھول نہیں پیسے بھی نچھاور کرتے ہیں۔