قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ارب روپے کے کرپشن کیس میں ڈی جی فشریز بلوچستان منیرموسیانی اور سابق سیکریٹری فشریزآفتاب احمد بلوچ کو گرفتارکرلیا۔
نیب نے محکمہ ماہی گیری میں ایک ارب روپے کی کرپشن کا سراغ لگا لیا۔ ترجمان نیب بلوچستان کے مطابق حاضر سروس ڈائریکٹر جنرل اور سابق سیکریٹری فشریز کو گرفتار کرلیا۔ سابق سیکریٹری فشریز آفتاب احمد بلوچ اور موجودہ ڈائریکٹر جنرل منیر موسیانی کو نیب منتقل کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
گرفتار ملزمان نے ملی بھگت کرکے کورونا وائرس کی وبا کے دوران غیر متعلقہ کمپنیوں کو خلاف ضابطہ قیمتی ٹھیکے دیے۔ انہوں نے کام کی عدم تکمیل کے باوجود کشتیاں، مشینری اوراشیا کی وصولی کی مد میں مئی اور جون کے ماہ میں غیر متعلقہ کمپنیوں کو بھاری ادائیگیاں کیں جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔