ن لیگ کی نائب صدر مریم نوازشریف کے ایک اشارے پرمسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں ایم این اے ملک افضل کھوکھر، ایم پی اے سیف الملکوک کھوکھر اور رانا منور غوث نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرا دیے جبکہ ن لیگی صوبائی رکن اسمبلی افتخار حسین چھچھرنے استعفیٰ دیدیا ہے ۔
سرگودھا سے ایم پی اے رانا منور غوث پارٹی قیادت کو پہلے ہی اپنا استعفی جمع کرواچکے ہیں جبکہ اب ن لیگ کے ایم این اے ملک افضل کھوکھر، ایم پی اے سیف الملکوک کھوکھر نے بھی اپنے استعفے جمع کروانا شروع کر دئیے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ملک سیف الملوک کھوکھر نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو استعفی بھجوا دیا ہے۔ استعفی میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات اور قوم کی بہتری کےلئے سلیکٹڈ حکومت سے نجات ضروری ہے، حکومت ملک و قوم پر بوجھ بن چکی ہے اس کو گھر چلے جانا چاہیے، صوبائی اسمبلی سیٹ حلقہ پی پی 165سے مستعفی ہوتا ہوں۔
سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ مجھے قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور پارٹی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہوں اورپارٹی قیادت کے فیصلوں کامکمل پابند ہوں جبکہ سیکرٹری اطلاعات پنجاب مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک افضل کھوکھر، سیف الملوک کھوکھر ، رانا منور غوث نے اپنے استعفے جمع کروائے ہیں، ابھی پارٹی نے استعفے نہیں مانگے لیکن پہلے ہی سینئر رہنمائوں نے استعفیٰ جمع کروانے شروع کر دئیے، مسلم لیگ ن کے تمام رہنما استعفے دینے کو تیار ہیں۔
دوسری جاناب اوکاڑہ کے حلقے پی پی 184 سے منتخب ہونے والے پنجاب اسمبلی کے رکن چوہدری افتخار حسین چھچھر نے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ۔
ایم پی اے چوہدری افتخار حسین چھچھر نے اپنا تحریری استعفیٰ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کو جمع کروا دیا ہے، مستعفی ہونے والے رکن اسمبلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنی نااہلی اور انتقامی کارروائیوں کے ذریعے عوام کا جینا محال کردیا ہے، غریب لوگ غریب تر ہوگئے ہیں۔
چوہدری افتخار حسین چھچھر نے یہ بھی کہا کہ بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور عوام کے کھانے کیلئے 2وقت کی روٹی سے محروم ہے، عمران حکومت اور ان کے نااہل وزرا نے ملک میں نیب کے ذریعے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل این اے 90 سے لیگی رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید کی جانب سے استعفیٰ دیا گیا تھا جس کی کاپی گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اورکہا جا رہا تھا کہ وہ بھی مستعفی ہو گئے ہیں۔