ایف بی آر کا انکم ٹیکس گوشوارں کی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی عمومی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کو ایوان تجارت و صنعت اور تجارتی انجمنوں کی جانب سے گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع کی درخواست کی گئی تھی جس پر ان لینڈ ریونیو سروس ایف بی آر آپریشنز نے تمام لارج ٹیکس پئیرز آفسز، میڈیم ٹیکس پئیرز آفسز، کارپوریٹ ٹیکس آفسز اور ریجنل ٹیکس آفسز کو بھیجے گئے مکتوب میں کیس ٹو کیس بنیاد پر گوشوارے داخل کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کے لیے ہاتھ سے لکھے یا آن لائن پورٹل کو استعمال کیا جاسکتا ہے، خط کے ذریعے تمام چیف کمشنرز کو ٹیکس گزاروں کی سہولت دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیے چیف کمشنر کو تحریری درخواست دینی ہوگی اور درخواست میں ٹیکس دہندہ کا نام، شناختی کارڈ اور نیشنل ٹیکس نمبر دینا ہوگا۔