راولپنڈی: سابق گورنر گلگت بلتستان میرغضنفر کے بیٹے پرنس سلیم نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے نیب سے 50 ملین (5 کروڑ) روپے کی پلی بارگین کرلی ہے۔
نیب دستاویزکے مطابق پرنس سیلم نے 20 ملین اور 31 ملین کے دو الگ الگ چیک نیب کو جمع کرا دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے پرنس سلیم کی پلی بار گین کی درخواست منظور کرلی تھی جس کے بعد حتمی منظوری کے لئے درخواست احتساب عدالت میں جمع کرا دی گئی۔
نیب نے 11 نومبر کو پرنس سلیم کو نیشنل بنک سے 50 ملین روپے فراڈ کے کیس میں گرفتار کیا تھا۔ پرنس سلیم پر سلک روٹ نامی پرائیویٹ کمپنی کے وائس چئیرمین کی حیثیت میں کرپشن کا الزام تھا۔
پرنس سلیم نے جعلی دستاویزات پر نیشنل بینک گلگت بلتستان سوست برانچ سے 5 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔ اس سے قبل پرنس سلیم کئی بار طلب کیے جانے کے باوجود نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے جس کے بعد نیب نے انہیں گرفتار کیا تھا۔