سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے استعفوں کے فیصلے کے تحت حکومت چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔
سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراطلاعات نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جمہوری جدوجہد کی راہ میں سندھ حکومت حائل نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی استعفے دینے اور سندھ حکومت چھوڑنے کیلئے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ استعفے عمران خان کی طرح نہیں ہوں گے جس میں مراعات لی جاتی رہی تھیں۔
مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو توہین عدالت کا نوٹس نہیں دیا گیا، سرکلر ریلوے کو اس لیے بند کیا کہ یہ نقصان میں تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تمام جماعتوں کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ 31 دسمبر تک تمام جماعتوں کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع کرادیں۔
اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم حکومت کے خلاف سارے جمہوری پارلیمانی آپشن استعمال کریں گے جس میں استعفے بھی شامل ہیں۔