وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ جس دن قیادت کا حکم آیا ہم استعفے دے دیں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک مختلف پارٹی ہے، استعفے ہماری جیبوں میں ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے متعلق ہماری تحقیقات ہوچکی ہے، اس کی رپورٹ کابینہ میں جمع ہوچکی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ ابھی مکمل نہیں ہوسکا، ہمارا اورنج لائن منصوبہ گرین لائن سے منسلک ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کو ایک جدید سرکلر ریلوے چاہیئے جو کراچی والوں کا حق ہے، کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) ایک قابل عمل منصوبہ ہے جوکراچی کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت کہتی ہے کہ ہم ایم ایل ون بنائیں گے، یہ کراچی کے عوام سے ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے سی آر جو شروع کیا گیا ہے اس کی رائیڈرشپ 22 فیصد ہے،کے سی آر 8 ہزار روپے ٹکٹ سے کماتی ہے لیکن ایک ٹرپ پر لاکھوں روپے خرچ کرتے ہیں، کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق جواب کل تک سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا جائے گا۔