اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے وفاقی دارالحکومت کی جانب متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 لگادی جس کے تحت 9 مختلف سرگرمیوں پر 2 ماہ کے لیے پابندی ہوگی۔
اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں لاؤڈ اسپیکر، ساؤنڈ سسٹم ،وال چاکنگ اور آتشی سامان کی خریدو فروخت، اسٹون بلاسٹنگ اور اشتعال انگیز مواد کی تشہیر ہر بھی پابندی ہو گی۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں اشتہارات، غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیم کی تشہیر اور لوگوں کے اجتماع پر بھی پابندی عائد ہو گئی۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ رواں سال اکتوبر میں اسلام آباد کی پولیس نے عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ماسک پہننے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔