اجلاس میں ارکان پارلیمانی اور پارٹی کے سینئر رہنما شریک ہونگے ۔فائل فوٹو
اجلاس میں ارکان پارلیمانی اور پارٹی کے سینئر رہنما شریک ہونگے ۔فائل فوٹو

ن لیگ کے مزید 5 اراکین اسمبلی نے استعفے پارٹی قیادت کو بھجوا دیے

مسلم لیگ ن کے مزید 5 اراکین اسمبلی نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو بھجوا دیے۔
وہاڑی سے مسلم لیگ ن کے 4 اراکین اور گوجرانوالہ سے ایک رکن پنجاب اسمبلی نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوایا۔
این اے 163 وہاڑی سے رکن اسمبلی سید ساجد مہدی، پی پی 229 سے محمد یوسف کسیلیہ، پی پی 230 سے سردار خالد محمود ڈوگر اور پی پی 232 سے میاں ثاقب خورشید نے بھی استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوایا۔
گوجرانوالہ سے ن لیگ کے ایم پی اے چوہدری اقبال گجر نے بھی اپنا استعفی پارٹی قیادت کو جمع کروا دیا ہے۔
اقبال گجر نے اپنے استعفے میں لکھا کہ ملک مشکل حالات میں ہے اور ضروریات زندگی کی اشیاء غریب آدمی کی قوت خرید سے باہر ہیں، سلیکٹیڈ حکومت سے جان چھڑانے کے لیے اپنا استعفی پارٹی قیادت کو پیش کر رہا ہوں۔
چوہدری اقبال گجر کے استعفیٰ خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ چوہدری اقبال گجر کے صاحبزادے احسن جمیل گجر وزیراعلیٰ پنجاب کے منہ بولے بھائی اور بہو خاتون اول کی بیسٹ فرینڈ ہیں۔
موجودہ دور حکومت میں چوہدری اقبال گجر پر حکومتی نوازشات ایسی رہیں کہ کبھی ان کے پیٹرول اسٹیشن کو بچانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو تبدیل کرنے کے الزامات سامنے آئے اور کبھی پی ٹی آئی کے اپنے رہنما گوجرانوالہ سے اقبال گجر کا قبضہ چھڑانے کی فریاد کرتے دکھائی دیے۔
حکومت کا دعویٰ ہے کہ ن لیگ کے اراکین اسمبلی کی ایک بڑی تعداد استعفوں پر اپنی قیادت کے ساتھ نہیں لیکن چوہدری اقبال گجر جیسے ایم پی اے کا استعفی ایسے دعووں کی نفی کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی مسلم لیگ ن کے کئی اراکین اسمبلی اپنےاستعفے پارٹی قیادت کو بھجوا چکے ہیں۔