کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے بچوں سے بھیک منگوانے والے مافیاز کے خلاف کارروائی کرنے سے متعلق درخواست پر آئی جی سندھ اور سندھ حکومت سے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو بچوں سے بھیک منگوانے والے مافیاز کے خلاف کارروائی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی، جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے بچوں سے بھیک منگوانے والے آخر کون ہیں؟ بتایا جائے بھیک منگوانے والے مافیاز کے خلاف کتنی کارروائیاں ہوئیں؟ بتایا جائے چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر کتنے مقدمات درج ہوئے؟ گلی محلوں میں بھیک مانگنے والے بچوں کے تحفظ کے لیے سندھ حکومت نے کیا کیا؟
دوران سماعت ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی عدالت میں پیش ہوئے، ڈی جی نے بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن قانون کی خلاف ورزی کی 92 شکایات موصول ہوئیں، تمام شکایات پولیس حکام کو ارسال کردی گئیں۔
عدالت نے سندھ پولیس کے فوکل پرسن سے استفسار کیا آپ بتائیں، پولیس نے کیا اقدامات کیے ہیں؟ متعلقہ پولیس حکام سے کہیں ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی سے رابطہ کریں، بھیک مانگنے والے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں، عدالت نے اگلی سماعت پر آئی جی سندھ اور سندھ حکومت سے جواب طلب کرلیا۔