ن لیگ کی نائب صدر مریم نوازشریف پی ڈی ایم جلسہ میں شرکت کیلیے اپنے سفرکا آغازکر چکی ہیں اوروہ ایاز صادق کے گھر پہنچ گئی ہیں جہاں وہ پی ڈی ایم رہنماﺅں کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کی میزبان ہوں گی ۔
تفصیلات کے مطابق مریم نوازشریف نے اس موقع پر ہرے رنگ کا لباس پہن رکھا ہے جس کے دامن پر نوازشریف کی سفید رنگ کی تصویر بنی ہوئی ہے ، مریم نواز نے ہاتھ میں تسبیح تھام رکھی ہے اور وہ دعائیں پڑھتی دکھائی دے رہی ہیں ۔
مریم نواز شریف نے اپنے والدکی تصویر والی قمیض پہننے کے پیچھے چھپی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ لاہوراورپاکستان کے عوام کیلیے پیغام ہے کہ لاہور اور پاکستان نوازشریف کا تھا اور رہے گا ، یہ حکومت جانے والی ہے ، نوازشریف کی خدمت اور پاکستان کی خوشحالی کا دور آنے والا ہے ۔
جاتی امراسے نکلتے ہوئے مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کی جس میں ان کا کہناتھا کہ انشاءاللہ حکومت کی چھت عوام گرا دیں گے،لاہور والوں کو پیغام ہے کہ آپ کی مشکلات کا احساس ہے ، عوام پی ڈی ایم کی کال پر نہیں نکلی بلکہ عوام کی کال پر پی ڈی ایم باہر نکلی ہے ، عوام ملک کی خاطرآج باہر نکلیں اور حکومت کو آخری دھکا لگائیں ۔ان کا کہناتھا کہ سردار ایاز صادق کی رہائشگاہ پر پی ڈی ایم کے ظہرانے کی میں میزبان ہوں ۔