پی ڈی ایم پارلیمنٹ کے استعفے لے کر جنوری یا فروری میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گی، سربراہ اتحاد
پی ڈی ایم پارلیمنٹ کے استعفے لے کر جنوری یا فروری میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گی، سربراہ اتحاد

پی ڈی ایم کا لاہور میں بھرپورعوامی طاقت کا مظاہرہ، لانگ مارچ کا اعلان

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے لاہور میں مینار پاکستان کے سائے تلے بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
گوجرانوالا، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے بعد پی ڈی ایم نے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں میدان سجایا۔
مینار پاکستان کے سائے میں منعقدہ جلسے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ پنڈال کو رہنماؤں کی تصاویر اور جھنڈوں سے سجایا گیا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ جنوری کے آخر میں یا فروری کے اوائل میں اسلام آباد کی طرف پوری قوم مارچ کرے گی، پارلیمنٹ کے استعفے ساتھ لے کر جائيں گے، ایسی پارلیمنٹ پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں، اس ناجائز حکومت کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ادارے کھوکھلے ہوچکے ہيں، ملک نہیں چل رہا، ہم اس لیے آئےہیں کہ قوم بن کر پاکستان کا مستقبل بچائیں، پارلیمنٹ کی خود مختاری ہوگی، پارلیمنٹ کو کسی کا یرغمال نہيں ہونے ديں گے۔
سربراہ اتحاد کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کشمیر کا سودا کردیا ہے، کشمیر بھارت کو بیچ دیا ہے، آج مگرمچھ کے آنسو بہارہا ہے، عمران کشمیر کی تین حصوں میں تقسیم کا فارمولا دیتا رہا، ہم کشمیرکو کچھ نہیں دے سکے، 73 سال کشمیریوں کے خون پرسیاست کی۔
انہوں نے کہا سربراہی اجلاس میں ان نکات پر اتفاق کیا کہ پارلیمنٹ کی حکمرانی ہوگی، پارلیمنٹ کو یرغمال نہیں ہونے دیا جائے گا، آزادانہ الیکشن کیلئے اصلاحات اور عوام کے جمہوری حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، آزادی رائے اور میڈیا کا تحفظ، دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔
پی ڈی ایم قائدین کی جلسہ گاہ روانگی سے قبل سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے گھر پر بیٹھک ہوئی جس میں آج کے جلسے اور تحریک سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
پی ڈی ایم قائدین کے اعزاز میں مریم نواز کی جانب سے ظہرانہ دیا گیا جبکہ ظہرانے میں مٹن قورمہ، بریانی، زردہ اور دیگر کھانوں سے تواضع کی گئی اور تمام کھانے دیسی گھی میں تیار کیے گئے تھے۔
لاہور میں شدید سردی کے باوجود پی ڈی ایم کے کارکنوں کی بڑی تعدادجلسہ گاہ میں موجود رہی۔
سیالکوٹ اور گوجرانوالا سمیت مختلف شہروں سے ن لیگ کی ریلیاں مقامی رہنماؤں کی قیادت میں مینار پاکستان پہنچیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات لاہور کا پارہ 6 ڈگری تک گرسکتا ہے، دھند بھی ہوگی۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے گزشتہ روز ہی کارکنوں کو موسم کے مطابق کپڑوں کا انتظام کرکے آنے کی ہدایت کی تھی۔
جلسے کی سیکیورٹی کے فرائض جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کے سپرد کیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم جلسےکیلئے سیکیورٹی کی ذمہ داری جے یو آئی کی تنظیم انصار الاسلام کو دی گئی ہے جس کے 3000 رضاکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔