گزشتہ روز دریائے سندھ جامشورو۔ حیدرآباد پل کے مقام پر ڈوبے ہوئے ٹرالر کا ریسکیو آپریشن مکمل ہوگیا۔
سیکٹر کمانڈر جامشورو زاہد نذیرکے مطابق ٹرالر میں سوار 2 افراد کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ ڈرائیور ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔
اس آپریشن میں موٹروے پولیس کے علاوہ پاک بحریہ، محکمہ آبپاشی، ضلعی انتظامیہ، ضلعی پولیس، رینجرز نے حصہ لیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق گزشتہ روز دریائے سندھ میں حیدرآباد جامشورو پل کے مقام پر ڈوبے ہوئے ٹریلر نمبر ٹی ایل ڈی TLD 144 کا ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹرالر ڈرائیور تنویر کو غنودگی آنے کی وجہ سے ٹرالر اس کے کنٹرول سے نکل گیا اور دریائے سندھ میں جا گرا یہ ٹرالر وڑائچ کمپنی کا تھا۔ اس کے اوپر کوئلہ لوڈ تھا۔
اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی جامشورو زبیر انور سومرو آپریشن آ فیسر انسپکٹر غازی حسین اور متعلقہ پیٹرولنگ افسران کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچے تاہم ڈی آئی جی موٹروے پولیس ساوتھ زون ڈاکٹر مسرور عالم کولاچی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں سے رابطے کرنے اور مشترکہ ریسکیو آپریشن کی ہدایت دی۔
سیکٹر کمانڈر جامشورو زاہد نذیر نے ڈپٹی ڈائریکٹر ہائی وے ڈپارلیمنٹ، محکمہ آبپاشی، رینجرز،ضلعی انتظامیہ، ضلع پولیس سے رابطے کئے اور پہلے مرحلے میں دو افراد ریاض احمد اور غلام اصغر کو زندہ دریائے سندھ سے نکالا گیا اور ہسپتال داخل کرایا گیا
ڈوب کر ہلاک ہونے والے ٹرالر ڈرائیور تنویر کی لاش تاحال غوطہ خوروں کی کوششوں کے باوجود نہیں مل سکی۔ بعد میں سیکٹر کمانڈر جامشورو زاہد نذیر کے پاک بحریہ سے رابطے کرنے اور مدد مانگنے کے بعد پاک بحریہ کی مدد سے ڈرائیور تنویر کی لاش کو نکالا گیا اور ایمبولینس کے ذریعہ ورثہ کے سپرد کیا گیا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران موٹروے پولیس کے اہلکاروں نے ٹریفک کی روانی کو متاثر کئے بغیر اپنے پیشہ ورانہ حکمت عملی سے جاری رکھا اور آنے جانے والی ٹریفک کو کسی بھی پریشانی سے دوچار ہونے نہیں دیا۔