ایم کیو ایم پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران مختلف امور پر تحفظات کا اظہارکیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے اعلی سطح وفد نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ایم کیو ایم کے وفد میں کنونئیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، وفاقی وزیرامین الحق اور حیدر عباس رضوی شامل تھے جب کہ اس موقع پر وفاقی وزرا اسد عمر، علی زیدی اورگورنر سندھ عمران اسماعیل بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات کے دوران ملک اور صوبہ سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال اورکراچی پیکج سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے لاپتہ کارکن ، سیاسی دفاتر کی واپسی، کراچی پیکیج اور ترقیاتی کاموں میں تاخیر کا معاملہ اٹھا دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہماری اہم اتحادی ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی لاپتہ کارکنان اور ایف آئی آر کے حوالے سے وزارت داخلہ معاملے کو دیکھ کر آئین و قانون کے تحت اپنا کردارادا کرے جبکہ کراچی پیکج اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مشاورت میں ایم کیو ایم کو بھی شامل رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان ہماری اہم اتحادی ہے،ایم کیو ایم کوکسی بھی موقع پر نظرانداز نہیں کیاجائے گا۔