وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اللہ ہی لائے گا تو وہ آئیں گے۔
شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب اتوار سے نادرا کے دفاتر کھلے رہیں گے، پہلا شناختی کارڈ مفت ہوگا جو15 دن میں بنے گا، پاکستان کے تمام سفارت خانوں میں نادرا اور پاسپورٹ کے دفاتر کھولے جائیں گے، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل 2 ماہ میں حل کر لیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کو کورونا کی کوئی پروا نہیں، اپوزیشن کو سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لیتے دیکھ رہا ہوں، 12 فروری سے الیکشن ہوسکتے ہیں، حتمی طور پر نہیں کہہ سکتے کیونکہ یہ تو سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہی پتہ چلے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے لوگ اسمبلیوں سے استعفے دیں گے تو ان کی سیٹوں پر الیکشن کرا دیں گے، الیکشن کمیشن 12 فروری سے 12 مارچ کے دوران کسی بھی دن سینیٹ انتخابات کا اعلان کرسکتا ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ مجھ سے شرط لگا لیں، وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے، اسحاق ڈار اور نواز شریف کو اللہ لائے تو وہ آئیں گے کیونکہ ہمارا برطانیہ کے ساتھ قیدیوں کا کوئی معاہدہ نہیں، عمران خان سینیٹ میں اکثریت حاصل کر گیا تو ایسے قانون لائے گا کہ کرپٹ اور بے ایمان سیاست دانوں کی چیخیں نکلیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نادرا میں کنٹریکٹ ملازمین کو خوشخبری سناتے ہوئے کہاہے کہ جب تک وزیر ہوں کسی کنٹریکٹ ملازم کو نہیں نکالوں گا ۔
شیخ رشید کاکہناتھا کہ ہمیں تنخواہوں سے نہیں ،کام سے غرض ہے، 6ہزارمیں سے 3ہزار افرادکنٹریکٹ پربھرتی ہیں، نادرالوگوں کے مسائل کے حل پرتوجہ دے، جب تک وزیرہوں کسی کنٹریکٹ ملازم کونہیں نکالوں گا۔
ان کا کہناتھا کہ سب سے سینئر سیاسی ورکر ہوں، نادراکاترجمان ذرا ڈھیلا ہے ،اسے تیزکروں گا، 7لاکھ سے زائدافغانی رجسٹرڈ ہیں۔