یہ ہے صاف چلی شفاف چلی کی اصل حقیقت۔فائل فوٹو
یہ ہے صاف چلی شفاف چلی کی اصل حقیقت۔فائل فوٹو

عمران صاحب 4 ڈالر کی ایل این جی 19 ڈالر میں کیوں خرید رہے ہیں؟

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پیٹرولیم انکوائری رپورٹ کو چور حکومت کی چوری کا ایک اور ثبوت قرار دے دیا۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک دوائی ، چینی ، آٹا ، بجلی ، گیس اور تیل مافیا چلا رہا ہے۔ عمران مافیا 225 ارب کی عوام کی گندم ، 400 ارب کی چینی میں ڈاکے سے جیب بھر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کا گردشی قرض2360 ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ، اس کا حساب دیں، گیس کا گردشی قرض 1000 ارب کی تاریخی سطح پر پہنچ گیا ، اس کا جواب دیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران مافیا نے اربوں روپے عوام اور مریضوں کی دوائی کی مد میں لوٹ لیے، آٹا چینی چوروں کی اربوں کی پیٹرولیم اور ایل این جی ڈکیتی پکڑی گئی، لوٹ مار کے ماہرین اور لٹیرے ملک پر مسلط ہیں، عمران صاحب 4 ڈالر کی ایل این جی 19 ڈالر میں کیوں خرید رہے ہیں ؟ کوئی سوال کوئی جواب۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ کی بد ترین گیس لوڈ شیڈنگ جاری ہے، وزارت پیٹرولیم 122 ارب روپے کی ایل این جی چوری کرنے والوں کے حوالے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ان تمام چوریوں کے سرغنہ اور ذمہ دار آپ ہیں، ڈھائی سال میں قوم پر 14000 ارب سے زائد قرض بڑھا کر پھر 6 ارب ڈالر قرض پروگرام دوبارہ شروع کررہے ہیں؟ مہنگائی کی ماری ہوئی عوام پر بجلی کی نرخوں میں 25 فیصد اور اضافے کانیا بم گرانے کامزید ظلم کرنے لگے ہیں۔