جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم ذاتی مفادات کے لیے قائم ہوئی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان اگلے 5 سال بھی پورے کریں گے۔
کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم والے مخاصمت کے لیے نہیں مفاہمت کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن خود سیلکٹڈ ہیں، وہ عمران خان کو کیسے کہتے ہیں کہ وہ سیلکٹڈ ہے، میرا ماننا ہےکہ یہ پارٹی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں، اگر کوئی ایسا سوچ رہاہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے ساتھیوں سے مشورہ کر کے بلوچستان کے تمام اضلاع میں پارٹی کے دفاتر قائم کروں گا، حافظ حسین احمد ہمارا پرانا، عقلمند اور سمجھدار ساتھی ہے، ہم سب کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا میں نے بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ عمران خان اپنے پانچ سال مکمل کرے گا، آنے والے پانچ سال بھی عمران خان کے ہی ہوں گے۔