اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور سماجی فلاح و بہبود کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے کرتارپور میں گوردوارہ دربار صاحب کا بھی دورہ کیا تھا۔
کرتارپور راہداری کے دورے کے بعد ویڈیو پیغام میں باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ گوردوارہ دربار صاحب پر حاضری خوشگوار تجربہ رہا۔
انہوں نے کہا کہ کرتارپور میں بہترین میزبانی پر شکر گزار ہوں۔ گوردوارہ دربار صاحب بین المذاہب ہم آہنگی کا حقیقی استعارہ ہے۔ پاکستان نے تمام اقلیتوں کو حقیقی مذہبی آزادی دی۔
باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ بھارت، پاکستان کے برعکس اقلیتوں کے خلاف اقدامات کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر، بابری مسجد ہو یا سکھ کمیونٹی، بھارت ہر روز اقلیتوں کیخلاف اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت سکھوں کیلئے کرتارپور راہداری کا گیٹ کھولے اور اپنے شہریوں کو کرتارپور آنے دے۔