ملک کے ممتاز مزاح نگار انور مقصود کی طبیعت خراب ہوگئی۔
آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ نے بتایا کہ انور مقصود کی طبیعت خراب ہے، وہ گھر پر ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انور مقصود کے مختلف ٹیسٹ ہوئے ہیں اور ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
احمد شاہ کا کہنا تھا کہ انور مقصود نے اپنے چاہنے والوں سے صحتیابی کیلئے دعا کی درخواست کی ہے۔
انور مقصود ملک میں ادب کا بڑا نام ہیں جنہوں نے کئی ڈرامے لکھے ہیں اور سب ہی ڈرامے عوام میں بے حد مقبول ہوئے ہیں۔
انور مقصود پاکستان شوبز کی مشہور ترین شخصیات میں سے ایک ہیں جو 35 سال سے اس صنعت سے وابستہ ہیں۔ وہ ایک اداکار، شاعر، مصنف، ٹی وی میزبان، مزاح کار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مصور بھی ہیں۔
اہم معاشرتی مسائل کو انتہائی سادہ اور ہلکے پھلکے مزاحیہ انداز میں ناظرین کے سامنے پیش کرنا ان کا خاصہ ہے اور اپنے اسی انداز بیان کی وجہ سے وہ مداحوں کی پسندیدہ شخصیات میں سے ایک ہیں۔