پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے آج مردان میں ہونے والے جلسے میں شرکت کیلیے مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز مردان پہنچ گئیں جبکہ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کا قافلہ رواں دواں ہے۔
مریم نواز کا قافلہ بخشالی انٹر چینج پارکرکے مردان شہر میں داخل ہوگیا جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا ان پرگل پاشی کی گئی ۔ اس سے قبل مریم نوازکاقافلہ کرنل شیرخان انٹرچینج رکے بغیرآگے نکل گیا تھا، پارٹی قائدین کا کہنا تھا کہ پروٹوکول عملہ کی غلطی سے قافلہ مردان انٹرچینج کی طرف چلاگیا۔
جس کے بعد مریم نواز کا قافلہ مردان انٹرچینج سے دوبارہ کرنل شیرخان انٹرچینج پہنچا، اس موقع پر مریم نوازنے گاڑی سے باہرآ کر ہاتھ ہلایا اورکارکنوں کا جذبہ بڑھایا۔اے این پی کا قافلہ بھی جلسہ گاہ پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا قافلہ مردان کے جلسے میں شرکت کے لیے سخا کوٹ سے روانہ ہو گیا جو تھوڑی دیر بعد پہنچ جائے گا۔
ضلعی امیر مفتی کفایت اللّٰہ اور جنرل سیکریٹری مولانا سلمان تاثیر خان بھی ریلی میں شریک ہیں۔جمعیت علمائے اسلام ف کا قافلہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں گجو خان کے مقام سے مردان میں داخل ہو گا۔