لاہور کی سیشن عدالت نے 7 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے مجرم کو2 بارعمر قید اور6 لاکھ جرمانہ کی سزا سنا دی۔
عدالت نے 60 سالہ لیاقت نامی شخص پر7 سالہ بچی سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی۔ 60 سالہ شخص کے خلاف 2018 میں لاہورکے تھانہ مانگا منڈی میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
پراسیکیوٹرتبسم صوفی نے عدالت کو بتایا کہ مجرم 7 سالہ بچی کو مسجد سپارہ پڑھنے کے لیے جاتے ہوئے گلی میں ملا تھا۔ مجرم بچی کو بھلا پھسلا کر مسجد کے واش روم میں لے گیا اورزیادتی کا نشانہ بنایا۔
پراسیکیوٹرکی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد ایڈیشنل اینڈ سیشن جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے فیصلہ سنادیا۔عدالتی فیصلے کے مطابق ڈی این اے رپورٹ میں لیاقت کا جرم ثابت ہوا۔
عدالتی فیصلے پر پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ بچی کا والد عارف کیس سے منحرف ہوگیا تھا اور پیروی چھوڑ دی تھی۔ ریاست نے خود عدالتی کارروائی چلائی اور مجرم کوسزا دلوائی گئی۔
پراسیکیوٹرتبسم صوفی کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے ڈی این اے رپورٹ کی روشنی میں اور دیگر شواہد کی بنیاد پر مجرم کو سزا سنائی۔
خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں کمسن بچوں کی خصوصی عدالت نے 6 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مجرم رستم علی کو سزائے موت کی سزا سنائی تھی۔