کراچی: سندھ میں کورونا وائرس سے متاثر مزید 40 افراد چل بسے جب کہ عالمی وبا سے 918 افراد متاثر بھی ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں مہلک کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 3419 ہو گئی ہے۔ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ 7 ہزار407 ہو گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت 722 مریضوں کی حالت تشویشناک اور 85 وینٹی لیٹر پر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں چوبیس گھنٹے کے دوران 635 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ شہر قائد میں اب تک ایک لاکھ 47 ہزار چار سو انہتر افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں۔
عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 83 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ مزید 2 ہزار 142 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی کل تعداد 9 ہزار 557 تک پہنچ چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار 814 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا کے 4 لاکھ 15 ہزار 352 مریض صحتیاب ہو چکے اور 37 ہزار 905 زیر علاج ہیں۔