ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک سیما کامل کا کہنا ہے کہ خواتین کاروبار کے لیے 5 فیصد شرح سود پر50 لاکھ روپے تک قرض لے سکتی ہیں۔
سیما کامل کا کہنا تھا کہ خواتین محدود وسائل میں گھر چلاتی ہیں اور گھر سے ملک چلتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین 100 روپے میں کسی بھی بینک میں ”آسان اکاؤنٹ“ کھول سکتی ہیں، آسان اکاؤنٹ صرف شناختی کارڈ پر کھولا جا سکتا ہے، اکاؤنٹ کھولنے کے کوئی چارجز نہیں اور کم از کم رقم رکھنے کی بھی کوئی شرط نہیں۔
ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ آسان اکاؤنٹ میں ماہانہ 5 لاکھ روپے کی رقم جمع اور نکالی جا سکتی ہے، 5 لاکھ سے زائد کاروبار کی صورت میں آمدنی کا ثبوت دینا ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ آسان اکاؤنٹ سب کے لیے ہے، طلباءبھی کھول سکتے ہیں، آسان اکاؤنٹ پر منافع بھی ملتا ہے۔
سیما کامل کا کہنا تھا کہ ملک میں خواتین کے اکاؤنٹ 18 فیصد اور مردوں کے 51 فیصد اکاؤنٹ ہیں، بینکوں سے تعلیم، شادی اور گھر کی تعمیر پر لون ملتا ہے، لیکن خواتین کو علم ہی نہیں ہے، خواتین کاروبار کے لیے 5 فیصد شرح سود پر 50 لاکھ تک لون لے سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کامیاب جوان اسکیم سے خواتین 10 لاکھ تک بغیر زرضمانت قرض لے سکتی ہیں، کامیاب جوان سکیم پروگرام میں خواتین کے لیے 25 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ خواتین کی آگاہی کے لیے اسٹیٹ بینک نے فنانشنل لٹریسی پروگرام کا آغاز کیا ہے، پروگرام کے ذریعے 10 لاکھ افراد کو آگاہی فراہم کی جائے گی جس میں 50 فیصد خواتین ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی میں خواتین کا بڑا حصہ ہے، خواتین کی بڑی تعداد زراعت سے وابستہ ہے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں تین ماہ میں 60 ہزار اکاؤنٹ کھل چکے ہیں۔