اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ استعفیٰ دینے والے اب استعفوں سے بھاگ رہے ہیں۔
حکومتی وپارٹی ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کی تحریک آپس کے اختلافات کی وجہ سے ہی ختم ہوجائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہر چیزعدالت میں پیش کی ہے، کوئی بھی احتساب سے بھاگ نہیں سکتا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نیب میں اس لیے پیش نہیں ہو رہے کہ ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ماضی میں طے پانے والے چارٹر آف ڈیموکریسی کے آرٹیکل 23 پر بھی بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے چارٹرآف ڈیموکریسی میں اوپن بیلٹنگ (open balloting) پراتفاق کیا تھا. آج دونوں جماعتیں ماضی میں کیے اپنے ہی معاہدے سے انکاری ہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں لینڈ مافیا کے خلاف جاری آپریشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے لینڈ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن میں بڑے قبضہ مافیا موجود ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کی تو معلوم ہوا کہ ن لیگی ایم این ایز اس میں شامل ہیں۔