نیو کراچی آئس فیکٹری میں دھماکے کا معمہ حل نہ ہو سکا، فیکٹری کے مالک نے ویڈیو پیغام میں نئے انکشافات کردیے۔
فیکٹری کے مالک معین قادری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میری فیکٹری کو بلدیہ کی طرح نشانہ بنایا گیا،فیکٹری میں بوائلر تو تھا ہی نہیں، بم سے اڑایا گیا، فیکٹری میں لگےتمام آلات درست لگے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے چار ماہ سے دھمکیاں مل رہی تھیں، حکومت واقعہ کی انکوائری کروائے۔
فیکٹری مالک کا کہنا تھا کہ میں اس کی پولیس کو شکایت کرنا چاہتا تھا لیکن میں بہت گھبرایا ہوا تھا۔ حادثے کے بعد میرے خلاف ہی دہشت گردی کی ایف آئی آر درج کر دی گئی۔
دوسری جانب صوبائی وزیرسندھ تیمور تالپور کا کہنا تھا کہ ہمارےپاس تخریب کاری کی کوئی رپورٹ نہیں آئی، ہم فیکٹری مالک کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونے دیں گے، اگر دھمکیاں مل رہی تھیں تو ان کو چاہیے تھا کہ ایک بار قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بتاتے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل آئس فیکٹری میں مبینہ طور پر بوائلر پھٹنے سے دھماکا ہوا تھا جس میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔