مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کاکہنا ہے کہ محمد علی درانی سے پہلے بھی حکومتی وزرا کی جانب سے ہمارے ساتھ رابطے کئے جاتے رہے ہیں، شہباز شریف اپنے بھائی کے ساتھ وفادار ہیں، اس پاداش میں بیٹے کے ساتھ جیل میں ہیں ، وہ وفادار نہ ہوتے تو آج اس نالائق کی جگہ خود وزیراعظم ہوتے۔
سکھر میں مسلم لیگ نون کے ورکرز کنونشن میں شرکت کیلئے جاتی امرا ء سے روانگی کے وقت میڈیا سے بات کرتے ہوئے نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ میاں صاحب اور بی بی شہید نے ملک کیلئے میثاق جمہوریت دیا، میں اور بلاول میثاق جمہوریت لے کر آگے بڑھیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ بی بی شہید نے جمہوریت کیلئے جدوجہد کی ملک کیلئے جان دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کیلئے ہم سب پارٹیاں اکھٹی ہیں، مولانا فضل الرحمٰن دیگر پارٹیاں کلیئر ہیں حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے، حکومت کو این آر او نہیں دیں گے۔
مریم نواز کاکہنا تھاکہ یہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، خراب پرفارمنس ہے، یہ جتنی کوشش کرلیں ناکام ہوں گے، حکومت کو گھر جانا پڑے گا، جعلی حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اجلاس میں بات ہوتی ہے فلاں لیڈر نہیں آیا دراڑ پڑ گئی ، فلاں لیڈرپی ڈی ایم جلسے میں نہیں آیا دراڑ پڑ گئی۔
مریم نواز نے محمد علی درانی کی جیل میں شہباز شریف سے متعلق ملاقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عجیب بات ہے جہاں خاندان والوں کو ملاقات کی اجازت نہیں وہاں دوسروں کی ملاقات کیسے ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جیل میں ہوتے ہیں تو معلوم نہیں ہوتا کہ ملاقات کیلئے کون آ رہا ہے ، جیل میں اچانک بتایا جاتا ہے کہ کون ملنے آ رہاہے ، علی درانی نے پہلے بھی حکومتی وزرا کی جانب سے ہمارے ساتھ رابطے کئے ہیں، شہباز شریف اپنےبھائی کےساتھ وفادار ہیں، اس پاداش میں بیٹے کے ساتھ جیل میں ہیں ، دونوں لیگی ارکان اسمبلی کی نیت پر کوئی شک بھی نہیں کر سکتا۔
مریم نواز کاکہنا تھا کہ ان کاکہنا تھا کہ جے یوآئی ف کے لوگوں کوتوڑنےکی کوشش کی تو بیک فائر ہوا اور حکومت کو منہ کی کھانی پڑی۔
ان کاکہنا تھا کہ پارٹی میں اکثریتی رائے ہے کہ الیکشن میں حصہ نہیں لینا چاہیے ، دو یا تین جنوری تک الیکشن لڑنے سے متعلق حتمی فیصلہ کرلیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل ہر جماعت کا اپنا شیڈول ہے لیکن قومی مسئلہ پر ہم ایک ہیں، یہ بات واضح ہے اس جعلی حکومت سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے ۔
نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ بلاول مردان میں نہیں آئے تو کہا جاتا ہے پی ڈی ایم میں دراڑ پڑ گئی، مجھے ان لوگوں کی حالت پر ترس آتا ہے۔
مریم نواز نواز نے بتایا کہ استعفے اسپیکر کے پاس جمع کرانے کی تاریخ کا تعین پارٹی خود کرے گی ، مسلم لیگ نون کے لوگ پیچھے نہیں پٹ رہے ،عوام نون لیگ اور پی ڈی ایم کی طرف دیکھ رہے ہیں۔