کرکٹر فخر زمان کو پاک بحریہ کی جانب سے لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک تفویض کردیا گیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز میں پاکستانی کرکٹر فخر زمان کو لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عسکری و سول حکام اور پی سی بی کے عہدیداران سمیت سابق کرکٹرز اورفخر زمان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں فخر زمان کو لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک تفویض کیا، فخر زمان کو یہ اعزازی رینک کرکٹ کے میدان میں شاندار کارکردگی اور پاک بحریہ سے ان کی وابستگی کی بنا پر دیا گیا، فخر زمان نے 2007 میں بطور سیلر پاک بحریہ کی آپریشن برانچ میں شمولیت اختیار کی جب کہ اپنے کیریئرکے دوران فخر زمان نے کرکٹ کے میدان میں پاک بحریہ کے لیے متعدد اعزازات حاصل کیے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق 2012 میں آسٹریلیا میں منعقدہ انٹرنیشنل ڈیفنس کرکٹ چیلنج کپ میں فخر زمان نے پاک بحریہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا، فخر زمان کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی جانب سے سندِ تحسین سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے فخر زمان اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ ملک میں مختلف کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور آئندہ بھی کھلاڑیوں کی معاونت کرتی رہے گی۔