وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف استعفوں کے حق میں نہیں۔
اسلام آباد میں تین وفاقی وزرا، شبلی فراز، فواد چوہدری اور فیصل واوڈا نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ آصف زرداری اور شہبازشریف استعفوں کے حق میں نہیں، مریم نواز یا بلاول بھٹو کی کس بات پر بھروسہ کرسکتے ہیں؟ مریم نوازاوربلاول تو شو پیس ہیں، سنجیدہ لوگ سامنے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بیچارے تو اپنی مرضی سے پانی تک نہیں پی سکتے، ان سے کیا مذاکرات کرنے ہیں، مریم نواز کی درانی صاحب کے خلاف تقریر سے معلوم ہوا کہ وہ شہبازشریف کے خلاف ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہا کہ مریم اور بلاول نے زندگی میں آج تک کوئی کام نہیں کیا لیکن اپنی زندگی کی پہلی نوکری بطور وزیراعظم کرنا چاہتے ہیں، شہباز شریف کا جیل میں ہونے کا سب سے زیادہ فائدہ مریم نواز کو ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے اتحاد میں شامل جماعتوں کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان کو استعفے اپنی قیادت کے پاس 31 دسمبر تک جمع کرانے کی ہدایت کر رکھی ہے جبکہ حکومت کو مستعفی ہونے کیلئے 31 جنوری تک کی مہلت دی ہے۔