وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی بلیک میلنگ یا دباﺅ برداشت نہ کرنے کا فیصلہ کیاہے اور استعفوں سے متعلق حکومتی پالیسی پر قومی اسمبلی کےاسپیکر اسد قیصر کو بھی آگاہی فراہم کردی ۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس دوران عمران خان نے استعفے فوری منظور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسد قیصر کو پالیسی سے آگاہ کردیا ۔ عمران خان نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ استعفے دینے والوں کو تصدیق کیلیے بلایا جائے ، تصدیق ہونے کی صورت میں استعفیٰ تیس منٹ کے اندر اندر قبول کرلیا جائے گا ۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ جن دو اراکین اسمبلی کے استعفے موصول ہو ئے ہیں ابتداان سے کی جائے گی ، اسپیکر سیکریٹریٹ نے ن لیگ کے دونوں اراکین اسمبلی کو تصدیق کیلیے خط لکھ دیا ، وزیراعظم عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کو بھی واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔
عمران خان کا ملاقات کے دوران کہناتھا کہ این آراو کیلیے اپوزیشن نے اپنے سارے کارڈ کھیل لیے ، اپوزیشن والے اب معاملہ الجھا رہے ہیں، پی ڈی ایم نے تو استعفوں کی بات کی تھی ، کہاں ہیں استعفے ، بلیک میلنگ کرنے کیلیے اداروں پر دباﺅ نہیں ڈالنے دیں گے ۔